بھٹکل:6/اپریل(ایس اؤنیوز) بھٹکل میں چوری کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، مگر افسوس اس بات پر ہے کہ چوری کیا ہوا مال واپس نہیں ملتا۔ اسی طرح کی تازہ واردات بھٹکل کے علوہ اسٹریٹ میں پیش آئی ہے جس میں چوروں نے کم و بیش ۷۰ ہزار مالیت کا مال چرا کر فرار ہوگئے ہیںَ۔
سمجھا جارہا ہے کہ گھرمیں کوئی موجود نہ ہونے کا عندیہ پاکرلٹیروں نے مکان کےدروازے کی کُنڈی توڑی پھر گھر کے اندر داخل ہوتے ہوئے سونا اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ گھر مالک کی شناخت نورالامین کی حیثیت سے کی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ الماری میں موجود 16گرام سونا اور 15ہزارروپئے نقد لوٹ کرچور فرار ہوگئے ہیں۔ فی الحال ایسا لگ رہا ہے کہ دیگر کسی بھی چیز کو ہاتھ نہیں لگائی گئی ہے۔
گھر کے اندر موجود الماری کو توڑ کر کپڑے وغیرہ بکھیر دئیے گئے ہیں، گھر کے لوگ اپنی کسی رشتہ دارکے ہاں ملاقات کے لئے گئے ہوئے تھے تو اسی دوران لٹیروں نے ہاتھ کی صفائی کی ہے۔
تعجب کی بات یہ ہے کہ اسی مکان کے پڑوس میں واقع ایک اور مکان کے دروازے کی بھی کنڈی توڑی گئی ہے اور چور گھر کے اندر داخل ہوئے ہیں، مگر اس مکان سے کوئی چیز غائب نہیں ہوئی ہے۔
گھر مالکان نے اس تعلق سے پولس تھانہ میں کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی ہے، اس تعلق سے گھروالوں کا کہنا ہے کہ تھانہ میں شکایت درج کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ ایک بار چوری ہونے کے بعد مال کبھی واپس نہیں ملتا ہے۔